اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم آفس میں احتساب کا خصوصی سیل بنا دیا گیا ہے اور ملکی دولت لوٹ کر باہرمنتقل کرنے والے100بڑے ناموں کی فہرست بھی تیار کر لی گئی ہے۔ وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ 100 ناموں کے خلاف اعلیٰ سطح پر تحقیقات کے لیے ایک بڑی احتساب کمیٹی بنا دی گئی ہے اور اس احتساب کمیٹی میں نیب، ایف آئی اے، انٹیلی جنس اداروں کے حکام بھی شامل ہیں۔
فواد چودھری نے کہا کہ تمام شواہد اکٹھے کرکے یہ کمیٹی سو ناموں کو جلد منظرعام پر لائے گی اور نیب کو شواہد کے ساتھ مقدمات بھجوائے گی۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات سے ایک صحافی نے سوال کرتے ہوئے پوچھا کہ ان سو ناموں میں کون کون شامل ہے، کیا اس میں زرداری صاحب کا نام تو نہیں ڈال دیا، جس پر وزیر اطلاعات نے کہا کہ آپ بڑے بڑے مگرمچھوں کے نام اچھی طرح جانتے ہیں، انہوں نے کہا کہ جب فہرست سامنے آئے گی تو سب کو پتہ چل جائے گا اور قومی دولت کس نے لوٹی یہ قوم کو معلوم ہوجائے گا۔