اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)نو منتخب صدر ڈاکٹر عارف علوی کتنے اثاثوں کے مالک نکلے، تفصیلات منظر عام پر آگئیں۔ تفصیلات کے مطابق نو منتخب صدر ڈاکٹر عارف علوی کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئی ہے اور ڈاکٹر عارف علوی سے متعلق یہ بات سامنے آئی ہے کہ
وہ 10کروڑ روپے سے زائد اثاثوں مالک ہیں۔ 2017ء کے دوران 11 لاکھ 39 ہزار روپے سے زائد انکم ٹیکس ادا کیا ۔ ڈاکٹر عارف علوی ساڑھے 10 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی جائیداد اوراثاثہ جات کے مالک ہیں۔ 2018ء کے انتخابات میں کاغذات نامزدگی میں ظاہر کئے گئے اثاثہ جات میں ڈاکٹر عارف علوی نے کراچی میں تین جائیدادیں ظاہرکیں ۔ انہوں نے محمد علی سوسائٹی میں مکان کی قیمت11 لاکھ 72 ہزار روپے ، کلفٹن بلاک فائیو کے مکان کی قیمت 56 لاکھ روپے اور گلستان جوہر میں پلاٹ کی قیمت 50 ہزار روپے ظاہرکی ہے ۔ڈینٹل اسپتال کی مالیت سوا دو کروڑ روپے بتائی ہے ۔ اہلیہ کے نام سندھی مسلم سوسائٹی میں مکان، ڈی ایچ اے اور ہاکس بے میں دو پلاٹوں کی مجموعی قیمت 91 لاکھ روپے ظاہر کی ہے ۔ عارف علوی کے دو بینک اکاونٹس میں37 لاکھ روپے اور 64 لاکھ روپے جمع ہیں۔ 50 تولہ سونا بھی ان کی ملکیت ہے ۔۔ڈاکٹر عارف علوی نے اثاثوں میں 50 تولہ سونے کی قیمت صرف ساڑھے 3 لاکھ روپے بتائی ۔ عارف علوی کی اہلیہ کے بینک اکاونٹس اور پرائز بانڈ کی مالیت ایک کروڑ 16 لاکھ روپے ہے ۔انہوں نے اسلام آباد میں جوبلی اپارٹمنٹ کی قیمت 11 لاکھ روپے ظاہر کی ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ہونیوالے صدارتی الیکشن میں حکومتی جماعت کے اُمیدوار عارف علوی،، اپوزیشن کے اُمیدوار مولانا فضل الرحمن،، اپوزیشن جماعت پیپلزپارٹی کے اُمیدوار اعتزازاحسن نے حصہ لیا۔عارف علوی353، مولانا فضل الرحمن185، اور اعتزازاحسن 124الیکٹورل ووٹ ملے۔ سب سے زیادہ ووٹ ملنے پر نو منتخب صدر عارف علوی اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 13ویں صدر منتخب ہو گئے