اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ڈی پی او خوشاب کے طور پر ریٹائر ہونے والے ملک غلام جیلانی ٹوانہ نے اپنی ایمانداری اور فلاحی کاموں کے باعث پنجاب پولیس سے متعلق تاثر کی نفی کردی۔اوپرتصویر میں لوڈر رکشہ چلاتے ہوئے نظر آنے والے یہ شخص غلام جیلانی ٹوانہ ہیں جو ڈی پی او خوشاب ، وہاڑی اور میانوالی کے عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن غلام جیلانی ٹوانہ 21 جون کو ڈی پی او خوشاب کے عہدے سے ریٹائر ہوئے ہیں۔دوران سروس بھی ان کی روٹین تھی کہ ان کی
جس شہر میں پوسٹنگ ہوتی وہ وہاں سے سڑکوں سے مقدس اوراق جمع کرتے اور ان کے بورے بھرتے رہتے جس کے بعد انہیں دریا میں بہا کر آتے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ان کی یہ روٹین برقرار ہے اور اس مقصد کے لیے انہوں نے باقاعدہ لوڈر رکشہ اور ملازمین رکھے ہوئے ہیں ، جو مقدس اوراق جمع کرتے ہیں ۔ یہ ان کی کچھ روز پہلے کی تصویر ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ خود مقدس اوراق جمع کرنے کے مشن پر نظر آرہے ہیں۔صارفین نے ان کے اس مقصد کو سراہا ہے۔