کراچی (نیوز ڈیسک)رہنما پیپلز پارٹی سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان کے ضیا الدین اسپتال کے دورے کے موقع پر شرجیل میمن کے کمرے سے ملنے والی بوتلوں میں شراب نہیں بلکہ شہد اور زیتون کا تیل تھا۔ہفتہ کو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری آمد سے قبل آج کراچی کے تین اسپتالوں میں اچانک دورہ کرکے سیاسی قیدیوں کے علاج کے بہانے قائم کیے گئے وی وی آئی پی وارڈز کا معائنہ کیا تھا جہاں شرجیل میمن کے کمرے سے
شراب کی بوتلیں، سگریٹس اور منشیات برآمد ہوئیں ۔بعد ازاں رہنما پیپلز پارٹی ناصر شاہ نے اس واقعے پر وضاحتی بیان دیتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس کے لئے ہمارے دل میں بڑا احترام ہیں۔ وہ خودشرجیل کا میڈیکل چیک اپ کرالیں کیونکہ انہوں نے الکحل استعمال ہی نہیں کی۔اسپتال کے کچن سے ملنے والی بوتلوں کا بھی لیباٹری سے ٹیسٹ کروالیا جائے تو حقائق سامنے آجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شرجیل میمن کی سرجری ہوئی ہے بے شک چیف جسٹس انکوائری کروالیں۔