لاہور(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آنے کے ساتھ ہی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے چیئر مین بھی الگ الگ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق گزشتہ دور حکومت میں سابق چیئر مین پی سی بی نجم سیٹھی نے دونوں عہدے اپنے پاس رکھے تھے اور وہ سپر لیگ گورننگ کونسل کے بھی سربراہ تھے ۔
وزیر اعظم عمران خان نے پی سی بی چیئرمین کیلئے احسان مانی کو نامزد کر دیا ہے اب ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے انتہائی قریبی دوست ذاکر خان پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین کے لیے مضبوط امیدوار ہیں اور ذاکر خان کے نام پر پی سی بی افسران نے بھی اعتماد کا اظہار کردیا ہے ۔پاکستان سپر لیگ کے تین ایڈیشنز ہوچکے ہیں، دنیا کے کئی سٹار کھلاڑیوں کی شرکت نے ٹورنامنٹ کو شائقین میں انتہائی مقبول بنادیا ہے۔ اب چوتھے سیزن میں منتظمین نے ایونٹ کو سپر ایونٹ بنانے کی ٹھان لی ہے۔ پاکستان سپر لیگ کی جانب سے ٹویٹر پر ایک باکس کی تصویر جاری کی گئی جس پر 17نمبر درج ہے۔ اس کے ساتھ صرف یہ تحریر کیا گیا ہے کہ یہ آپکی سپر لیگ شائقین کیلئے سرپرائز ہے۔یہ بہت بڑا ہوگا، کیا آپ اندازہ لگاسکتے ہیں کہ اس باکس میں کیا ہے۔ تاہم پرستاروں کو یہ اندازہ لگانے میں دیر نہیں لگی کہ 17 نمبر کی شرٹ کرکٹ میں عام طور پر جنوبی افریقی سپر سٹار ابراہم ڈیویلیئرز پہنتے ہیں۔ کہا جارہا ہے کہ وہ اگلے سیزن میں پی ایس ایل کا حصہ ہوں گے۔خیال رہے کہ سابق پروٹیز کپتان نے چند ماہ قبل انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی ہے۔لیکن انہوں نے چند برس ٹی ٹونٹی لیگز جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ 34 سالہ بیٹسمین آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی جاری رکھیں گے۔ انہیں دسمبر میں شیڈول امارات پریمیئر لیگ کا سفیر بھی مقرر کیا گیا ہے۔ ہمہ جہت خصوصیات کے مالک ڈیویلیئرز انٹرنیشنل کرکٹ میں شاندار کارکردگی اور ملنسار طبیعت کے سبب بے حد زیادہ پسند کیے جاتے ہیں۔