اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اورآرمی چیف میں ملاقات مثبت رہی،وزیر اعظم کو دہشت گردی خلاف جنگ سے متعلق بریفنگ دی گئی،اس بار حکومت اور فوج ایک پیج پر ہے اور کتاب بھی ایک ہے،موجودہ حکومت کی تمام پالیسیوں پراداروں کی رائے شامل ہوگی،عمران خان جو بھی کریں گے وہ پاکستان کے لیے ہوگا۔ وہ جمعرات کو نجی ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے ۔ فواد چوہدری نے کہا کہ امریکی وزیرخارجہ
آرہے ہیں دیکھتے ہیں وہ کتنی کلیئرسوچ کے ساتھ آرہے ہیں،امریکہ خود الجھن کا شکار ہے کہ وہ افغانستان سے نکلنا یا موجود رہنا چاہتا ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات فیاض چوہان سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ فیاض چوہان کی باتیں پارٹی کا موقف نہیں، ان کو پارٹی کی طرف سے پیغام دے دیا گیا ہے ،ان کو ایسی بات نہیں کرنی چاہیے تھی،فیاض چوہان دل کے بہت اچھے ہیں امید ہے کارکردگی بھی دکھائیں گے۔