کراچی(آئی این پی) جی ڈی اے کے سربراہ پیر پگارا نے آئندہ صدارتی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کے نامزد صدارتی امیدوار عارف علوی کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جی ڈی اے وفاق میں پی ٹی آئی کی حکومت کا حصہ ہے اور اتحادی ہونے کے ناطے صدارتی الیکشن میں بھی اس کی حمایت کرے گی۔
انہوں نے یہ یقین دہانی پیر کو کنگری ہاؤس کا دورہ کرنے والے پی ٹی آئی کے ایک وفد کو کرائی جو اس جماعت کے صدارتی امیدوار عارف علوی، حلیم عادل شیخ اور دیگر افراد پر مشتمل تھا۔ ملاقات کے موقع پر پیر پگارا کے بھائی پیر صدرالدین شاہ راشدی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال اور آئندہ صدارتی الیکشن کے حوالے سے جاری سرگرمیوں پر گفتگو کی گئی۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عارف علوی نے کہا کہ ان کی خواہش تھی کہ پیر صاحب پگارا سے ذاتی طور پر ملاقات ہو۔انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ سندھ کے شہری اور دیہی علاقوں کی ترقی کی بات کی ہے ، منتخب ہونے کے بعدسب کا صدر ہونگا مگر چاہوں گا کہ سندھ کو خصوصی پیکجز ملیں۔عارف علوی نے کہا کہ نئے پاکستان کے اعتبار سے جی ڈی اے کے رہنما میرے ساتھی ہیں ،حالیہ دنوں میں پی صاحب اور ان کے بھائی سے یہ ان کی دوسری ملاقات ہے۔انہوں نے صدارتی الیکشن میں اپنی حمایت پر پیر صاحب اور جی ڈی اے کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پرجی ڈی اے کے رہنما پیر صدر الدین راشدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا شکر گزار ہوں کہ ان کا وفد ہم سے ملنے آیا ،پہلے بھی پی ٹی آئی کے ساتھ الائنس میں الیکشن لڑے ہیں ،عارف علوی سیلف میڈ آدمی ہیں اوریہ صدر کے لئیے بہت بہتر انسان ہیں۔پیر صدرالدین شاہ راشدی نے کہا کہ میں ڈاکٹر عارف علوی کو ان کی یقینی کامیابی پر پیشگی مبارک باد پیش کرتاہوں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی جیل میں بیس کمرے تیار ہوئے ہیں جہاں تمام ائیر کنڈیشنڈز سولرانرجی پر چلیں گے۔