سڈنی (سپورٹس ڈیسک)آسٹریلوی کرکٹر اسٹیون اسمتھ نے بوم بوم آفریدی کا بولنگ ایکشن اپناتے ہوئے کیریبین پریمیئر لیگ میں تہلکہ مچا دیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بارباڈوس ٹریڈینٹس کی نمائندگی کرتے ہوئے معطل آسٹریلوی کرکٹر اور سابق کپتان اسٹیون اسمتھ نے جمیکا تالاوازکے خلاف اپنے نئے بولنگ ایکشن کے ساتھ شاندار کارکردگی دکھائی۔اسٹیون اسمتھ نے جمیکا کے خلاف میچ میں شاہد آفریدی کے انداز سے بولنگ کرتے ہوئے 3 اوور میں 19 رنز دے کے 2 وکٹ حاصل کیے اور اپنی ٹیم بارباڈوس ٹریڈینٹس کو جیت سے ہمکنار کیا۔میچ کے بعد
بات کرتے ہوئے اسمتھ نے اپنے نئے بولنگ ایکشن میں تبدیلی کا کریڈٹ سابق پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو دیا ۔انہوں نے بتایا کہ میں نے اپنے بولنگ ایکشن کو لے کر کچھ چیزیں تبدیل کی ہیں ٗمیں آفریدی جیسے ایکشن میں بولنگ کرنے کی کوشش کررہا ہوں۔اسمتھ نے شاہد آفریدی کو شاندار لیگ اسپنر قرار دیتے ہوئے بتایا کہ میں ان کے ایکشن میں بال کو تیزی سے وکٹوں پر پھینکنے کی کوشش کررہا ہوں اور خوش قسمتی سے آج میرا یہ تجربہ کام کر گیا ہے۔واضح رہے کہ میچ میں اسمتھ کی بارباڈوس ٹریڈینٹس نے جمیکا تالاوازکو 2 رنز سے شکست دی۔