لاہور(نیوز ڈیسک)مسلم لیگ (ن) ٹریڈروز ونگ لاہور کے سینئر نائب صدر میاں عثمان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) دھرنوں اور لاک ڈائون کی روایت کو آگے بڑھانے کی بجائے مثبت اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی ، 100روز میں تبدیلی لانے کے دعوئوں کا کائونٹ ڈائون شروع ہو گیا ہے اور قوم اس پر پہرہ دے گی ۔ ان خیالات کا اظہارا نہوںنے شمالی لاہور سے تعلق رکھنے والے تاجروں کے وفد سے اپنی رہائشگاہ پر ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے عام انتخابات کے نتائج پر شدید تحفظات
کے باوجود جمہوریت کی گاڑی کو آگے بڑھانے کیلئے ایوانوں میں جانے کا فیصلہ کیا اور انشا اللہ ایوانوں کے اندر اور باہر مثبت اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے اور عوام کے حقوق کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتقامی سیاست کسی طرح بھی ملک کے مفاد میں نہیں اس لئے اس سے گریز کیا جانا چاہیے ۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت واضح کر چکی ہے کہ ہم دھرنوں اور لاک ڈائون کی روایت کو آگے نہیں بڑھائیں گے بلکہ آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ملک و قوم کے بہترین مفاد میں کردار ادا کریں گے ۔