لاہور ( این این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ کے نامزد چیئرمین احسان مانی نے دوہری شہریت کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستانی پاسپورٹ رکھتے ہیں اور ان کی دوہری شہریت نہیں ہے۔انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ
دوہری شہریت کی خبروں سے انہیں بدنام کیا جا رہا ہے تاکہ کرکٹ بورڑ میں ان کی تقرری کو متنازع بنایا جا سکے۔سابق آئی سی سی صدر کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستانی ہونے پر فخر ہے، انہیں زندگی میں کئی موقع ملے لیکن نہ شہریت بدلی اور نہ ہی کوئی ارادہ ہے۔میرا اور وزیر اعظم کا وژن ایک ہے، عید کی چھٹیوں میں عمران خان سے مل کر مزید رہنمائی لوں گا اور دو ہفتے میں انتخابات کے بعد چارج سنبھال لوں گا۔ دوسری جانب احسان مانی کے انتخاب تک پی سی بی کے الیکشن کمشنر جسٹس (ر) افضل حیدر قائم مقام چیئرمین بن گئے ہیں اور پی سی بی کی ویب سائٹ سے نجم عزیز سیٹھی کا نام تبدیل اور تصویر ہٹا دی گئی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے عہدے دے استعفیٰ دیا تھا جس کے فوری بعد وزیر اعظم عمران خان نے احسان مانی کو بورڈ آف گورنرز کے لیے نامزد کیا تھا جہاں وہ بورڈ قوانین کے مطابق الیکشن لڑکر چیئرمین بنیں گے۔