اسلام آبا (نیوز ڈیسک ) معروف مصور لیونارڈو ڈاونچی کی شہرہ آفاق پینٹنگ مونا لیزا صدیوں سے بحث کا ایک موضوع بنی ہوئی ہے۔ کبھی یہ بحث مونا لیزا کی جنس پر چھڑ جاتی ہے تو کبھی اس تصویر میں چھپے پیغام کے حوالے سے شروع ہوجاتی ہے۔ حال ہی میں ماورائی سرگرمیوں کا کھوج لگانے والی ایک ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اس پینٹنگ میں چھپے پیغام کو جان لیا ہے اور امکان ہے کہ مونالیزا خود بھی کوئی ماورائی مخلوق تھی۔ پیرانارمل کروسیبل نامی اس ویب سائٹ کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے مونالیز کی تصویر میں چھپے ایسے پادری کی تصویر ڈھونڈ نکالی ہے جوکہ انسانی دنیا سے تعلق نہیں رکھا تھا۔ اس مقصد کیلئے ویب سائٹ نے مونالیزا کی تصویر کے رنگوں کو مزید گہرا کیا ہے۔ ویب سائٹ پر اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی شامل کی گئی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہوں نے اس تصویر میں چھپے چہرے کے نقوش، سیاہ چغے اور ہاتھوں کی واضح شکل دیکھی ہے۔ ویب سائٹ کا دعویٰ ہے کہ اگر بہت سے مورخین و ماہرین کے اس دعوے کو سچ مان لیا جائے کہ لیونارڈو ڈاونچی نے اپنے کام کے اندر خفیہ پیغامات اور کوڈز رکھے ہیں تو پھر یہ تصور کرنا آسان ہوجاتا ہے کہ دراصل مونالیزا بھی اہم تاریخی اور مذہبی حقائق کو چھپانے کیلئے تخلیق کی گئی تھی۔ یہ حقائق رومن کیتھولک چرچ میں ماورائی مخلوق کی موجودگی اور اس کی مذہبی امور میں مداخلت کے حوالے سے تھے۔ اس ویڈیو میں اپنے دعوے کو سچ ثابت کرنے کیلئے کوئی خاص دلیل نہیں دی ہے تاہم انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کو بحث کا ایک نیا موضوع ضرور دے دیا ہے۔ سکاٹ سی وارنگ جو کہ متنازعہ موضوعات پر نت نئے نظریات دینے کے حوالے سے شہرت رکھتے اور اڑن طشتریوں کے موضوع پر ایک ویب سائٹ بھی چلاتے ہیں، دعوےٰ کرتے دکھائی دیئے کہ دراصل لیونارڈوڈاونچی خود ہی ماورائی مخلوق سے تعلق رکھتا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ لیونارڈو کی شخصیت میں اس کی بہت سی علامات موجود ہیں۔ اس کی غیر معمولی ذہانت، ناقابل یقین تخلیقی صلاحیتیں اورانہیں بروئے کار لانے میں کامیابی بھی اس کے عام انسانوں سے کچھ بڑھ کے ہونے کا ثبوت ہے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ لیونارڈو ڈاونچی جس دنیا سے تعلق رکھتا ہو،وہیں کے بارے میں دنیا کو بتانا چاہتا ہو۔ وہ یہ بتانے سے ڈرتا ہو اور اسی لئے اس نے پینٹنگز کا سہارا لیا اور مونا لیزا جیسی تصویر تخلیق کی جو کہ عین ممکن ہے کہ اسی دنیا کی باسی ہو جہاں کا خود لیونارڈو ڈاونچی تھا۔ واضح رہے کہ لیونارڈو کی زندگی، اس کی پینٹنگز اور بطور خاص مونالیز کی پینٹنگز کے حوالے سے متعدد نظریات پہلے سے ہی موجود ہیں۔ پانچ برس قبل ایک ماہر نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے مونالیز کی آنکھوں میں چھپے چھوٹے چھوٹے عدد اور حروف تلاش کئے ہیں جو کہ دراصل کوئی خاص کوڈ ہوسکتے ہیں۔