لاہور( این این آئی)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ایشیاء کپ میں شرکت کرنے والی تمام ٹیمیں اچھی ہیں اور ہم کسی کو آسان حریف کے طور پر نہیں لیں گے ،پاکستان ٹیم کے مقابلے میں بھارتی ٹیم میں تجربہ موجود ہے ، ہم بہتری کی جانب گامز ن ہیں اور اپنی خامیاں دور کر رہے ہیں، عمران خان سے بطور کھلاڑی یہی درخواست ہو گی کہ ڈیپارٹمنٹ کی کرکٹ کو بند نہ کیا جائے بلکہ اس میں بہتری کیلئے کام کیا جائے ۔ یہاں لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ
ہماری ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور حالیہ مہینوں میں ٹیم نے تمام فارمیٹ میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کاموازنہ کیا جائے تو بھارتی ٹیم میں تجربہ موجود ہے جبکہ بطور کپتان میں دیکھتا ہوں تو ہمارے پاس نوجوان کھلاڑیوں کی وجہ سے تجربے کی کمی ہے لیکن ہم بہتری کی جانب گامزن ہیں اور اپنی خامیاں دور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ایشین ٹیم کیلئے انگلینڈ کی کنڈیشن ٹف ہوتی ہے لیکن پاکستانی قومی ٹیم نے اپنے دورے کے دوران اچھی کارکردگی دکھائی ،ہم پچیس روز قبل وہاں پہنچ گئے تھے اور ہم نے دس روز ہ پریکٹس کے بعد دو پریکٹس میچز کھیلے اور پیشگی تیاری ہونے کی وجہ سے ہماری کارکردگی بہتر رہی ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا آنے والا شیڈول بھی بہت مصروف ہے ،27یا 28اگست کو کھلاڑیوں کو فٹنس پلان دے رہے ہیں کیونکہ آگے مصروفیت کی وجہ سے ہمیں بھرپور فٹنس چاہیے اور ہم تیاری کے ساتھ کیمپ میں آئیں گے۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ اپنا ملک اپنا ہی ہوتا ہے ،ہمارے کھلاڑیوں نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر ورلڈ الیون اور ویسٹ انڈیز کے خلاف اچھی پرفارمنس دی ہے اور اگر یہ کہا جائے کہ ہوم گراؤنڈ کا ایڈوانٹج ہوتا ہے تو یہ غلط نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ایشیاء کپ میں آنے والی تمام ٹیمیں اچھی ہیں ،
بنگلہ دیش کی ٹیم اچھا کھیل رہی ہے ، سری لنکا نے کم بیک کیا ہے ہم کسی کو بھی آسان حریف کے طور پر نہیں لیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ خوش آئند ہے کہ تمام کھلاڑی کلب کرکٹ پر توجہ دے رہے ہیں اور پی سی بی نے بھی کلب کرکٹ کی بحالی میں اپنا اہم کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بطور کھلاڑی عمران خان سے درخواست ہو گی کہ ڈیپارٹمنٹ کی کرکٹ کو بند نہ کیا جائے بلکہ اس کی بہتری کے لئے اقدامات کئے جانے چاہئیں۔