لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کر کٹ بورڈ کا فیلڈنگ کوچ کی تقرری کے حوالے سے آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ڈیرن بیری سے معاملات طے نہ پاسکے۔جس کے باعث پی سی بی ڈیرن بیری کے ساتھ معاہدے کو حتمی شکل نہ دے سکا۔اطلاعات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی سست روی اور تاخیر ی حربوں کے باعث فیلڈنگ کوچ کی تعیناتی کا معاملہ لٹک گیا ٗاسٹیو رکسن نے 2 برس فیلڈنگ کوچ رہنے کے بعد جون میں استعفیٰ دیا جس کے بعد پی سی بی نے فیلڈنگ کوچ کے لیئے اشتہار دیاتھا۔پی سی بی کے ڈیرن بیری کے ساتھ معاملات تقریبا طے پا گئے تھے اور بتایا گیا تھا کہ ڈیرن بیری
ایشیا ء کپ سے قبل کیمپ کے دوران ٹیم کو جوائن کر لیں گے ٗفیلڈنگ کوچ کے رول کیلئے ڈیرن بیری نے سی پی ایل کے کے ساتھ اپنے معاہدے کی قربانی دی تاہم پی سی بی نے معاہدے کو حتمی شکل نہ دی اور نہ ہی ڈیرن بیری کو مطلع کیا۔اس دوران ڈیرن بیری کو دیگر ملکوں کی جانب سے تقرری کی پیشکش ہوئی جس میں بنگلہ دیشی ٹی 20 لیگ ’بی پی ایل‘ بھی شامل ہے ،اس صورتحال کو دیکھتے ہو ئے ڈیرن بیری نے پی سی بی کوجواب نہ دیا اور معاملہ بیچ میں لٹک گیا۔دوسری جانب پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی قسم کی تاخیر نہیں کی گئی، بس کچھ معاملات کی وجہ سے معاہدہ نہیں ہو سکا۔