اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) آزاد امیدواروں کی سیاسی جماعتوں میں شمولیت کی مہلت کا آج آخری دن، قومی اسمبلی کی 13نشستوں پر کامیاب ہونیوالے امیدواروں میں سے 9نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی، پنجاب میں حکومت سازی کیلئے جہانگیر ترین کی کوششوں سے 22آزاد امیدوار بھی کھلاڑی بن گئے، وفاق اور پنجاب میں کپتان کی حکومت بننے کے
امکانات روشن ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق آزادامیدواروں کی سیاسی جماعتوں میں شمولیت کا آج آخری دن ہے اور اس دوران تحریک انصاف وفاق اور پنجاب میں حکومت سازی کیلئے الیکشن جیتنے کے پہلے روز سے ہی میدان میں عمل ہے اور اس کو اس حوالے سے بڑی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ عمران خان کو وفاق میں حکومت بنانے کیلئے نمبر گیمز میں اس وقت بڑی کامیابی ملی جب قومی اسمبلی کی 13نشستوں پر کامیاب ہونیوالے آزاد امیدواروں میں سے 9نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا جبکہ دوسری جانب پنجاب میں نمبر گیم پوری کرنے کیلئے تحریک انصاف کو 22آزاد امیدواروں کی شمولیت نے اکثریتی جماعت میں تبدیل کر دیا ہے جبکہ ایک آزاد امیدواررانا لیاقت ن لیگ میں شامل ہوئے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ق)کے 8 اراکین کےساتھ پنجاب اسمبلی کی 297جنرل نشستوں میں تحریک انصاف کے اراکین کی تعداد 153تک پہنچ چکی ہے۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی دو نشستوں پر کامیاب ہونیوالے دو آزاد امیدواروں نے اپنی آزاد شناخت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق آزاد ارکان کی پی ٹی آئی میں شمولیت کیلئے عمران خان نے جہانگیر ترین، شاہ محمود قریشی اور چودھری سرور کو ٹاسک دے دیا، جنہوں نے رابطوں کا آغاز کر دیا،عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اور مسلم لیگ ق
کے رہنما چودھری پرویز الٰہی بھی آزاد ارکان کے ساتھ رابطوں میں ہیں۔ ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری نے بتایا آزاد ارکان کا ایک گروپ تحریک انصاف میں آج شامل ہو جائے گا۔ادھر مسلم لیگ ن نے بھی عددی برتری حاصل ہونے پر پنجاب میں حکومت بنانے کیلئے کمر کس لی اور آزاد ارکان سے رابطے شروع کر دیئے ہیں۔مظفر گڑھ سے کامیاب 2 ایم این ایز اور7 ایم پی ایز نے
پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا، آج چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد باقاعدہ اعلان کریں گے۔ذرائع کے مطابق، این اے 181 سے شبیر قریشی نے غلام مصطفیٰ کھر جبکہ این اے 185 سے باسط سلطان بخاری نے معظم جتوئی کو شکست دی تھی۔ پی پی 275 سے آزاد رکن صوبائی اسمبلیخرم سہیل لغاری، پی پی 277 سے آزادرکن صوبائی اسمبلی علمدار قریشی
اور پی پی 272 سے آزاد رکن قومی و صوبائی اسمبلی باسط سلطان بخاری بھی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کریں گے۔جہانگیر ترین اور علیم خان کے ساتھ یہ ایم پی ایز جہاز میں سوار ہو کر ملتان سے لاہور پہنچ چکے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اپ ڈیٹ کے مطابق ای سی پی کو اب تک نیشنل اسمبلی کی 230 جبکہ صوبائی اسمبیلیوںکی 500 نشستوں کے
نتائج موصول ہو چکے ہیں جو کہ مجموعی تعداد کا 86.8 فیصد ہے۔قومی اسمبلی کی 230 نشستوں کے نتائج کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف 116 سیٹوں کے ساتھ پہلے، پاکستان مسلم لیگ (ن) 64 سیٹوں کے ساتھ دوسرے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 43 سیٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ان جماعتوں کے علاوہ متحدہ مجلس عمل 12، پاکستان مسلم لیگ (ق) 4، بلوچستان نیشنل پارٹی 3، متحدہ قومی موومنٹ 6 اور بلوچستان عوامی پارٹی 2 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔