لاؤڈرہل(سپورٹس ڈیسک) بنگلہ دیشی ٹیسٹ اور ٹوئنٹی 20کپتان شکیب الحسن کی امریکا میں ایک ہم وطن شائق سے الجھنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔فیس بک پر حسن ابن پاشا نے یہ ویڈیو پہلی بار شیئر کی جس میں ہوٹل میں شکیب کو ایک شائق سے الجھتے ہوئے دکھایا گیا جس نے ٹیم جرسی پہنی ہوئی تھی تاہم اس کے دونوں ہاتھ ٹراؤزر کی پاکٹس میں تھے، شکیب کافی برہم دکھائی دے رہے تھے۔
درشت انداز میں کچھ کہنے کے بعد وہ وہاں سے ہٹے مگر پھر واپس پلٹ کر اس شائق کے پاس پہنچے۔ اس بار انھیں قریب موجود تمیم اقبال و دیگر نے روک دیا اور وہاں سے لے گئے۔یاد رہے کہ بنگلہ دیش میں جاری طلبا احتجاج کے حوالے سے شکیب نے چند روز قبل حکومت کی حمایت کی تھی جس پر انھیں شدید تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا، اس پر انھیں وضاحت دینا پڑگئی تھی۔