پشاور(این این آئی)ایبٹ آباد کے نواحی قصبے اور معروف تفریحی مقام الیاسی، نواں شہر کا قدیم اور مشہور میٹھے پانی کا چشمہ گزشتہ گیارہ ماہ خشک رہنے کے بعد اچانک رواں ہو گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ چشمے میں پانی کی مقدار بھی معمول سے بہت ذیادہ ہے۔ اس قدرتی چشمے کے اچانک جاری ہونے سے الیاسی اور نواں شہر کے دیگر مکینوں کے علاوہ سیاحوں میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ واضح رہے کہ الیاسی مسجد نواں شہر کا یہ تاریخی چشمہ مقامی اور دور دراز سے آنے والے سیاحوں کے لئے
گہری کشش رکھتا ہے اور ایک سال چشمہ خشک رہنے کے باعث الیاسی آنے والے سیاحوں کو مایوس لوٹنا پڑتا تھا۔ ایبٹ آباد کے باسی الیاسی مسجد کے قدرتی چشمے کے پانی کو صحت افزا اور شفا یاب بھی قرار دیتے ہیں اور ایبٹ آباد کے علاوہ دیگر شہروں کے لوگ بھی یہاں سے پینے کے لئے پانی لے کر جاتے ہیں۔ چشمے کی بحالی کے ساتھ ہی الیاسی مسجد میں سیاحوں کی رونقیں بحال ہو گئی ہیں۔ جہاں لوگ الیاسی کے مشہور پکوڑوں کے علاوہ اب چشمے کے ٹھنڈے میٹھے پانی سے بھی لطف اندوز ہو رہے ہیں۔