اسلام آباد (سی پی پی )متوقع وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد ٹیلی فون پر ہفتے میں ایک گھنٹہ سائلین کی شکایات سننے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وزیراعظم ہاوس میں پرائم منسٹر شکایات سیل بھی قائم کیا جائیگا ۔تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق متوقع وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے انتخابی مہم کے دوران پاکستانی عوام سے کئے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد ہفتے میں ایک بار عوامی شکایات کو بذریعہ ٹیلی فون سننے کا فیصلہ کیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق اس ضمن میں ٹال فری نمبر صارفین کو دیا جائیگا ‘جس پر وہ رابطہ کر سکیں گے ۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ وزیراعظم ہاؤس میں عوامی شکایات کے ازالے کیلئے ایک شکایاتی سیل بھی قائم کیا جائیگا ‘جس کی نگرانی وزیراعظم خود کریں گے ‘جبکہ اس کی ذمہ داری ایک سینئر افسر کو سونپی جائیگی ‘سائلین اپنی شکایا ت بذریعہ فیکس‘ٹیلی فون اور خط کے ذریعے شکایاتی سیل میں درج کر ا سکیں گے ۔واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان کے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف بھی اپنے پہلے دور حکومت میں ٹیلی فون پر عوامی شکایات سن چکے ہیں ‘بعدازاں مسلم لیگ (ق) کے دور میں اس وقت کے وزیراعظم شوکت عزیز مارگلہ روڈ پر واقع مسلم لیگ ہاؤس میں کھلی کچہری کا انعقاد کرچکے ہیں ‘پیپلز پارٹی کے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے بھی اپنے دور حکومت میں پرائم منسٹر سیکرٹریٹ میں ایک شکایاتی سیل قائم کیا تھا۔