اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، کپتان نے منی لانڈرنگ کے ذریعے برطانیہ منتقل کی گئی دولت کی وطن واپسی کے حوالے سے برطانوی تعاون طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے برطانوی ہائی کمشنر نے بنی گالا میں ملاقات کی ہے جس میں برطانوی ہائی کمشنر نے انتخابات میں جیت پر عمران خان کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر عمران خان نے برطانوی ہائی کمشنر سے گفتگو میں غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک منتقل کی گئی پاکستان
کی دولت واپس لانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے برطانوی حکومت سے قومی دولت کی وطن واپسی کے حوالے سے تعاون طلب کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے ٹویٹر اکائونٹ پر جاری بیان کے مطابق ملاقات میں برطانوی ہائی کمشنر نے عمران خان کے جیت کے بعد قوم سے پہلے خطاب کو سراہا اور انہیں بتایا کہ اس خطاب نے برطانیہ میں نہایت مثبت اثرات چھوڑے ہیں جبکہ برطانوی حکومت تحریک انصاف کی پاکستان میں بننے والی حکومت سے مکمل تعاون کیلئے تیار ہے جبکہ برطانیہ تعلیمی میدان سمیت دیگر شعبوں میں پاکستان کی مدد کریگا۔