اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے قومی اسمبلی کی 4سیٹیں چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ وہ کونسی سیٹ رکھیں گے اس حوالے سے نجی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان نے میانوالی کی سیٹ پاس رکھنے اور باقی چاروں چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان حلقہ این اے 53، حلقہ این اے 131، حلقہ این اے 243کراچی، حلقہ این اے 35بنوں کی سیٹیں چھوڑ دیں گے جبکہ حلقہ این اے 95میانوالی کی سیٹ وہ اپنے پاس رکھیں گے۔ واضح رہے کہ
عمران خان نے اپنی پانچوں سیٹوں پر بھاری بھرکم مخالف جماعتوں کے امیدواروں کو شکست دی تھی۔ حلقہ این اے 53میں عمران خان کےمدمقابل سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی تھے جبکہ حلقہ این اے 131میں ان کے مد مقابل سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق تھے، حلقہ این اے 243میں عمران خان نے فاروق ستار کو شکست دی جبکہ حلقہ این اے 35بنوں میں ان کے مدمقابل جمعیت علمائے اسلام کے رہنما ، سابق وفاقی وزیر ہائوسنگ اور مجلس عمل کے متفقہ امیدوار اکرم خان درانی تھے۔