اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاق، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں واضح اکثریت حاصل کرنے کے بعد عمران خان نےحکومت سازی کے لیے کمیٹیاں تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا۔مذکورہ کمیٹیوں کی سفارشات کی روشنی میں حکومت سازی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹیوں کے لیے ناموں کی نامزدگی عمران خان آج بنی گالہ میں ہونے والے اہم اجلاس میں کریں گے۔ یہ کمیٹیاں آزاد امیدواروں کے ساتھ رابطوں کی بھی مجاز ہوں گی۔
دریں اثنا تحریک انصاف میں وزرائے اعلیٰ اور اہم وزارتوں کے امیدوار بھی سامنے آگئے ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق شاہ محمود قریشی،علیم خان اور فواد چوہدری وزیر اعلی پنجاب کے امیدوار ہیں ۔ جب کہ گزشتہ دور حکومت میں خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر عاطف خان اب وزارت اعلیٰ کے امیدوار ہیں۔سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی نظریں وفاقی وزارت داخلہ پر ہے، شیریں مزاری وزارت خارجہ اور نیشنل سیکیورٹی ڈویژن کی خواہشمند ہیں۔ جب کہ اسدعمر کو عمران خان پہلے ہی وزیر خزانہ نامزد کر چکے ہیں۔