ریاض(انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب میں غیر ملکیوں کے ہیوی گاڑیاں چلانے پر پابندی عائد کردی گئی ،خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو 5 ہزار ریال جرمانہ کیا جائے گا۔ عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب کی جنرل ٹرانسپورٹ کمیٹی نے غیر سعودی افراد کے ہیوی ٹریفک چلانے پر پابندی عائد کرتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والوں پر 5 ہزار ریال جرمانہ مقرر کر دیا ہے جس کا اطلاق رواں سال یکم اکتوبر سے ہوگا۔ یہ اقدام سعودی شہریوں
کی شکایات پر اٹھایا گیا ہے جس میں ہیوی گاڑیاں چلانے والے غیر ملکی ڈرائیورز کی غفلت اور بڑھتے ہوئے حادثات پر احتجاج کیا گیا تھا۔سعودی عرب میں ولی عہد شاہ محمد بن سلمان کی جانب سے معیشت کی بحالی اور کاروبار و ملازمت میں سعودی عرب کو خود کفیل بنانے کے لیے انقلابی اقدامات کیے جارہے ہیں جس کے تحت کاروبار اور ملازمت کے مواقع غیر ملکیوں کے بجائے اپنے شہریوں کو فراہم کیے جا رہے ہیں چنانچہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بھی اس پالیسی کو اپنایا جا رہا ہے۔