نئی دہلی(انٹرنیشنل ڈیسک)بھارت کی سپریم کورٹ نے سوشل میڈیا کی نگرانی سے متعلق حکومتی منصوبے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے تحفظات کا جواب طلب کر لیا۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت کی سپریم کورٹ نے سوشل میڈیا کی نگرانی سے متعلق ایک حکومتی منصوبے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ جمعے کے روز اپنے ایک حکم نامے میں
سپریم کورٹ نے حکومت کو حکم دیا کہ وہ دو ہفتے میں اس بابت تحفظات کا جواب دے۔ بھارتی حکومت سوشل میڈیا صارفین اور فیک نیوز کی شناخت کے لیے نگرانی کے ایک منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ اپریل میں بھارت کی اطلاعات و نشریات کی وزارت نے مختلف کمپنیوں کو اس بابت بولی کی دعوت دی تھی۔ تاہم اس منصوبے پر متعدد اراکین پارلیمان نے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔