اسلام آباد (نیوز ڈیسک)) پنجاب بھر کے سکولوں میں سکیورٹی انتظامات کو مزید موثر بنانے کے لیے ایس او پیز جاری کر دیے گئے۔
محکمہ سکولز ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق سکولوں کی کم از کم 8 فٹ اونچی دیواریں تعمیر کی جائیں۔ اور سکولوں کی چاردیواری پر ریزر وائر لگانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
اسکولوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ساتھ یو پی ایس کی تنصیب کو بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ جبکہ تربیت یافتہ سکیورٹی گارڈز، واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز کی تعیناتی کو بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
سکول کے گیٹ پر وزیٹر رجسٹر رکھنا بھی لازمی ہو گا۔ ہنگامی صورتحال کے لیے پولیس کا رابطہ نمبر نمایاں طور پر ظاہر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ تعلیم پنجاب کے مطابق ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والے سکول سربراہان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔















































