اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایک بار پھر مسلم لیگ ن کے قائد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ دشمنی میں نے نہیں بلکہ نواز شریف نے میرے ساتھ کی ہے ٗمسلم لیگ (ن )میں ان لوگوں کو ٹکٹ دیے گئے جنہوں نے مجھے کو گالیاں دیں ٗ اب مسلم لیگ نظریاتی نہیں رہی ٗ آئندہ بھی اقتدار ملا تو اسلام پسند قوتوں کے ساتھ کھڑا ہوں گا۔
مجلس العلماء اسلام پاکستان کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )میں ان لوگوں کو ٹکٹ دیے گئے جنہوں نے مجھے کو گالیاں دیں۔انہوں نے کہا کہ اب میں اپنا راستہ لے چکا ہوں اور واپسی کی کوئی گنجائش باقی نہیں ہے۔(ن) لیگ کے ناراض رہنما نے کہا کہ مسلم لیگ اسلام پسندوں اور دائیں بازو کی جماعت ہے، مسلم لیگ میرے خاندان اور میرے خون میں ہے تاہم اب مسلم لیگ نظریاتی مسلم لیگ نہیں رہی۔انہوں نے کہا کہ میری قومی اسمبلی کی سیاست کا آغاز 1985میں ہوا اور بطور ممبر اسمبلی جو کام کیا اپنے ضمیر کے مطابق کیا۔انہوں نے کہا کہ سیاست میں کوئی ایسا کام نہیں کیا جس پر شرمندہ ہوں، اپنی سیاست اللہ اور اس کے رسول کے احکامات پر ڈھا لی ہے۔سابق وزیر نے کہا کہ میں نے اقوام متحدہ میں جو تقریر کی وہ بھی ریکارڈ پر ہے میں نے کہا کہ مسلمان دہشتگرد نہیں بلکہ سب سے زیادہ دہشتگردی کا شکار ہیں۔چوہدری نثار علی خان نے کہاکہ انہوں نے یو این میں کہا کہ دہشت گردی کی صورتحال نہیں بدلے گی جب تک مغرب اپنی سوچ نہیں بدلیگا۔انہوں نے کہاکہ میں نے سینٹ میں کہا کہ مدرسے دہشت گردی کا مرکز نہیں جس پر اندر سے میری ٹانگیں کھینچی گئیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے مدرسوں اور اسلامی طاقتوں کا دفاع نہیں کیا بلکہ اپنا فرض ادا کیا، میں اسلام پسند سیاست کا داعی ہوں اور جو بھی کلمہ پڑھتا ہو اسے مسلمان سمجھتا ہوں۔سابق وفاقی وزیر نے کہاکہ اس وقت عالم اسلام اور پاکستان کو شدید مشکلات ہیں اس لیے تمام علماء اختلافات کو دور کریں۔
انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا پر ناموس رسالت ؐ پر ایک بہت بڑی یلغار ہوئی، معاملہ وزارت آئی ٹی تھا لیکن نواز شریف نے مجھے سونپا۔انہوں نے کہا کہ میں نے تمام اسلامی ممالک کے سفیروں کو بلایا، سعودی عرب اور ایران کو بھی اکٹھے بٹھایا، میں نے سب سے مدد مانگی اور سب نے تعاون کیا، فیس بک کے نائب صدر کو بلایا تو چند ہفتوں میں مسئلہ حل ہو گیا۔چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ اس بات پر اطمینان ہے کہ میں نے ایمان پر کبھی سودا نہیں کیا، آئندہ بھی اقتدار ملا تو اسلام پسند قوتوں کے ساتھ کھڑا ہوں گا۔