پشاور(نیوز ڈیسک) خیبرپختونخوا کے نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) دوست محمد خان نے چمکنی کے قریب بی آرٹی کے شٹر گرنے کا واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے گریڈ21 کے سینئر افسرکی سربراہی میں تین رکنی بورڈ آف انکوائر ی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے جس میں گریڈ 20 کے دو افسران بھی شامل ہوں گے ۔ بورڈ آف انکوئری جائے حادثہ کا معائنہ کرنے کے ساتھ ساتھ غفلت اور کوتاہی برتنے والے بی آر ٹی کے افسران، اہلکاروں، ٹھیکیداروں سمیت ڈی جی
پی ڈی اے سے لیکر پراجیکٹ افسروں اور تمام اہلکاروں جو بی آرٹی پراجیکٹ کا حصہ ہیں کا تعین کرے گی اور اس کے نتیجے میں قانون کے مطابق متعلقہ افسران کو پنلٹی ، ریکوری اور سزا دی جائے گی ۔ دوست محمد خان نے ہسپتالوں کو بھی ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے آرتھو پیڈک سرجنز سمیت تمام ڈاکٹروں کی نگرانی میں زخمی ہونے والوں کو فوری اور مفت طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے جس کے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی ۔