اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)رواں مالی سال 2017-18ء کے پہلے گیارہ مہینوں میں جولائی تا مئی کے دوران کاروں اور جیپوں کی فروخت میں24 فیصد اور کمرشل گاڑیوں اور ٹریکٹروں کی فروخت میں بھی24 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔ پاکستان آٹو موٹیو مینو فیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا مئی کے دوران کاروں اورجیپوں کی فروخت کا حجم 2 لاکھ12 ہزار905 یونٹس تک بڑھ گیا جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران فروخت کا حجم ایک لاکھ75 ہزار
449 یونٹس ریکارڈ کیا گیا۔ اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران کاروں اور جیپوں کی فروخت میں24فیصد یعنی 37 ہزار456 یونٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پاما کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران کمرشل گاڑیوں اور ٹریکٹروں کی فروخت بھی 24 فیصد کے اضافہ سے 80 ہزار660 یونٹس کے مقابلہ میں ایک لاکھ3 ہزار395 یونٹس تک بڑھ گئی۔ اس طرح کمرشل گاڑیوں اور ٹریکٹروں کی فروخت میں22 ہزار735 یونٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔