لاہور(نیوز ڈیسک)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہاہے کہ خان صاحب بین الاقوامی سازش کا حصہ ہیں، صادق نام عمران خان پر بھاری ہے ،انکی ایمانداری کا یہ عالم ہے کہ اسمبلی میں صرف چالیس دن آئے اور تنخواہ پوری وصول کی،جن لوگوں کی نگران سیٹ اپ کیلئے نام دینے پر ٹانگیں لڑکھڑا گئیں وہ ملک کی باگ ڈور کیا سنبھالیں گے۔اپنے انتخابی حلقے میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ 2013ء میں عمران خان نے ہر دروازہ کھٹکھٹایا مگر ہار ان کا مقدر ٹھہری۔ 2015ء میں
اٹھائیس لوگوں کے علاوہ سب جماعتوں نے انہیں اسپورٹ کیا۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ سی پیک پر امریکہ کو تکلیف ہے بھارت نہیں چاہتا پاک چین تعلقات بنیں اور پی ٹی آئی نے بھی ساٹھ ارب روپے کے سی پیک منصوبے میں رکاوٹ ڈالی اور ملکی ترقی کا راستہ روکنے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کی نگران سیٹ اپ کے لیے نام دینے پر ٹانگیں لڑکھڑا گئیں وہ ملک کی باگ ڈور کیا سنبھالیں گے۔استعفوں سے (ن) لیگ کی حکومت کو ڈی سٹیبلائز کرنے کی کوشش کی گئی۔ عمران خان بین الاقوامی سازش کا حصہ ہے۔