اسلام آباد (نیوز ڈیسک)سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ فنانشیل ایکشن ٹاسک فورس کی جانب سے پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل کرنا انتہائی بد قسمتی ہے،پاکستان نے دہشت گردی کے حوالے سے جو قیمت ادا کی ہے دنیامیں اس کی مثال نہیں ملتی۔ جمعرات کو اپنے ایک بیان میں سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کی جانب سےپاکستان کو گرے لسٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ تعصب پر مبنی ہے اور اس کامقصد پاکستان کو دیوار کے ساتھ لگانا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جو قیمت ادا کی ہے اس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہاکہ نگران وزیر خزانہ کو پیرس میں اس سلسلہ میں ہونے والے اجلاس میں جانے سے قبل سینیٹ کو اعتماد میں لینا چاہیے تھا اور انہیں اپنے ہمراہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں برائے خزانہ اور داخلہ کے چیئرمینوں کو بھی ساتھ لے کر جانا چاہیے تھا۔ انہوں نے مطالبہ کی کہ ایف اے ٹی ایف پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل کرنے کے فیصلے پر اپنے نظر ثانی کرے۔