حب (مانیٹرنگ ڈیسک) پانی کا بحران شدت اختیارکرگیا،حب ڈیم میں پانی کا ذخیرہ ختم ہو گیا۔۔ڈیم انتظامیہ کا کہنا تھا کہ حب ڈیم سے حب شہراورگڈانی شپ بریکنگ یارڈ کوپانی کی فراہمی بند کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں پانی کا بحران شدید ہونے کا خدشہ ہے۔حالیہ صورتحال میں پاکستان میں پانی کی کمی کا بحران تیزی سے شدت اختیار کر رہا ہے۔جہاں ایک طرف موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان بے حد متاثر ہوا ہے۔
وہیں دوسری جانب بھارت نے نئے ڈیم بنا کر پاکستان کے دریاوں کا پانی روک لیا ہے۔ اس تمام صورتحال کے باوجود پاکستان میں بننے والی کوئی بھی حکومت اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ دکھائی نہیں دیتی۔ پاکستان میں ڈیموں اور پانی کے ذخائر کیلئے منصوبوں کے تعمیر نہ کرنے کے باعث اب پانی کی قلت نے خطرناک نتائج دکھانا شروع کر دیے ہیں۔خاص کر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد راولپنڈی میں پانی کی قلت کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔ کچھ روز قبل پہلی مرتبہ دیکھنے میں آیا ہے کہ اسلام آباد کی مشہور جھیل راول خشکی کا شکار ہوگئی۔ پانی کی شدید قلت اور بارشوں کی کمی کے باعث راول جھیل کا آدھے سے زائد حصہ خشک ہو چکا تھا۔ راول جھیل خشک ہو جانے کے باعث آنے والے دنوں میں راولپنڈی اسلام آباد میں پانی کی شدید قلت کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ تھا۔تاہم تازہ ترین خبر کے مطابق پاکستان کا ایک اور اہم ترین ڈیم خشک ہوچکا ہے۔محکمہ اری گیشن بلوچستان کے حکام کا کہنا ہے کہ حب ڈیم میں پانی کا ذخیرہ ختم ہوگیا ہے۔۔ڈیم انتظامیہ کا کہنا تھا کہ حب ڈیم سے حب شہراورگڈانی شپ بریکنگ یارڈ کوپانی کی فراہمی بند کر دی گئی ہے۔اگر صورتحال ایسی ہی رہی تو آنے والے دنوں میں اہلیان کراچی کو پانی کے شدید بحران کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔