تہران(انٹرنیشنل ڈیسک)ایران نے اعلان کیا ہے کہ امریکی پابندیاں بے معنی ہیں ہمیں اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ ہے، امریکہ یاد رکھے کہ جدیدعالمی سیاست کے مہرے اب پرانی بساط پر نہیں چل سکتے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کا کہنا ہے کہ وہ امریکی پابندیوں کے خلاف اپنی ملکی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد رکھتا ہے۔ ایرانی محکمہ خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے امریکہ کی طرف سے اتحادی ممالک پر ایران کو تیل کی درآمد روکنے
پر مبنی ہدایات دینے کے جواب میں کہا کہ ایران اس کی پروا نہیں کرتا کیونکہ ہم اپنی خداد اد صلاحیتوں پر پورا بھروسہ رکھتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ امریکہ دنیا میں تنہائی کا شکار ہوتا جا رہا ہے اور صدر ٹرمپ کو یہ یاد رہے کہ جدیدعالمی سیاست کے مہرے اب پرانی بساط پر نہیں چل سکتے ۔ قاسمی نے مزید کہا کہ دور حاضر میں عالمی ممالک کو اپنے مفادات عزیز ہیں اور وہ دیگر ممالک پر اپنی دھونس جمانے کی سیاست ترک کر چکے ہیں۔