پرویز مشرف کی صدارت میں اہم اجلاس،انتخابی مہم ، وطن واپسی ودیگراہم معاملات طے پاگئے،دھماکہ خیز اعلان اسلام آباد / دبئی (این این آئی) آل پاکستان مسلم لیگ کی کور کمیٹی کا اجلاس پارٹی چیئرمین سید پرویز مشرف کی زیرصدارت دوبئی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں
سید پرویز مشرف کی وطن واپسی،ان پرقائم مقدمات اورپارٹی کی انتخابی مہم جیسے مختلف معاملات پر مشاورت کے بعد اہم فیصلے کئے گئے۔پارٹی کے جوائنٹ سیکرٹری اطلاعات شہزاد عربی ستی نے میڈیا کے لئے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا کہ پیر کو سید پرویز مشرف نے دوبئی میں اپنی رہائش گاہ پر پارٹی کی کورکمیٹی کا اہم اجلاس طلب کیاتھا جس میں پارٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد، سید فقیر حسین بخاری،مہرین ملک آدم اور دیگر اراکین شریک ہوئے۔ اجلاس میں عام انتخابات سے قبل سید پرویز مشرف کی وطن واپسی،ان پرقائم مقدمات اور پارٹی کی انتخابی مہم جیسے معاملات پر مشاورت کے بعد اہم فیصلے کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ (آج) منگل کو پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس اسلام آباد میں پارٹی کے مرکزی دفتر میں منعقد ہوگا جس میں کور کمیٹی کے کئے گئے فیصلوں کا جائزہ لے کر انہیں عملی جامہ پہنانے کے لئے طریقہ کار وضع کیاجائے گا۔ اجلاس کے اختتام پر پارٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد ایک پریس کانفرنس کے ذریعے سید پرویز مشرف کی وطن واپسی اور ان کے انتخابی عمل میں حصہ لینے سمیت دیگر اہم فیصلوں بارے میڈیا کے نمائندوں کو آگاہ کریں گے۔