کراچی (این این آئی)اللہ تعالی نے فرمایا رمضان وہ عظیم المرتبت مہینہ ہے جس میں قرآن کریم نازل گیا اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کے نزول کے لئے اس مقدس مہینے کو مختص فرمایا اور فضیلت سے نوازا۔جنت میں ایک دروازہ ہے جس کا نام ریّان ہے اس دروازے سے صرف روزے دار داخل ہونگے۔ان خیالات کا اظہار رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے سنی علماء کونسل جامعہ ابوبکر مسجد گلستان جوہر کے زیر اہتمام ہونے والی فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے فرمایا جس نے رمضان کے مہینے میں ایمان کے ساتھ اور اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں طلب ثواب کیلئے روزہ رکھا تو اللہ تعالیٰ اس کی برکت سے اس کے ماضی کے گناہ معاف کردے گا۔اللہ کریم نے فرمایا جو شب قدر میں رضائے الٰہی کی خاطر عبادت کرے گا تو اللہ تعالیٰ اس کے ماضی کے گناہ معاف فرمادیگا۔نبی کریمؐنے فرمایا رمضان کریم کی پہلی رات ہی شیاطین کو جکڑ دیا جاتا ہے اور جہنم کے دروازے بند کردیئے جاتے ہیں۔اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک غیبی ندا دینے والا ندا دیتا ہے کہ اے نیکی کے طلبگار تو آگے بڑھ ہماری رحمت اپنی آغوش میں لینے کیلئے تیار ہے۔اگر بندہ اپنے رب کی بارگاہ میں سچے دل سے توبہ کرے گا تو اللہ کریم کا وعدہ ہے کہ وہ اس کی توبہ کو قبول فرمائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تخلیق اور ایجاد میں بہت فرق ہے آج سائنسدان کوئی چیز ایجاد تو کرسکتا ہے مگر پیدا نہیں کرسکتا کیونکہ پیدا کرنے والی ذات صرف اللہ تعالیٰ کی ہے۔وہ خالق کائنات جس نے ہمیں پیدا کیا، صاحب ایمان بنایا، صحت اور مال عطاء کیا۔ جو کچھ تم آگے بھیجو گے وہ اللہ کی امان میں جاتا رہے گا اور اس میں اللہ تعالیٰ اضافہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے وجود میں 360جوڑ ہیں جس سے ہم مختلف کام کرتے ہیں یعنی چلتے پھرتے ، کھاتے پیتے ہیں۔ مگر تم نے کسی مفلوج شخص کو دیکھا ہے وہ کتنا بے بس ہوتا ہے۔ ہم اللہ تعالیٰ کا جتنا بھی شکر ادا کرے کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ مومن اور کافر میں فرق یہ ہے کہ مومن وہ ہے جو اس کی خدائی کو اپنے وجود، اپنی رو میں ڈالتا ہے اور اپنے دل میں بساتا ہے۔ یہ بہت مبارک مہینہ ہے اپنے رب کے ساتھ مخلص ہوجاؤ سچے دل سے توبہ کرلو ۔ اللہ سے اپنے گناہوں کی معافی مانگو اور نیک کام کرو۔اللہ پاک اس مہینے کے صدقے ہم سب کی مغفرت فرمائیں۔ اس موقع پر سنی علماء کونسل کے صدرعلامہ اشرف گورمانی نے کہا کہ
اس مہینے میں کثرت سے تلاوت قرآن، استغفار اور درود شریف پڑھا جائے۔اللہ تعالیٰ فرماتا ہے رمضان میرا مہینہ ہے اور اس کا اجر میں خود دوں گا۔ اس موقع پر صاحبزادہ سید محمد عثمان شاہ فیروزی، علامہ مفتی محمد حسین فاروقی، قاری محمد صدیق قادری، مفتی سید زاہد سراج قادری، مفتی سید زیغم شاہ گردیزی، علامہ محمد خالد مہروی، علامہ قاری محمد صدیق امیر، قاری غلام سبحانی،صاحبزادہ محمد زمان سیغی، علامہ فضل معبود قادری، علامہ قاری محمد سلیم مدنی، صاحبزادہ محمد ابوبکرگورمانی اور علامہ قاری محمد رفیق جلوی موجود تھے۔