کوئٹہ (این این آئی) نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان کے انتخاب کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے سپرد کردیا گیا، سابق حکومت و اپوزیشن نے اسپیکر بلوچستان اسمبلی کو تین ،تین نام بھجوا دئیے ،سابق اپوزیشن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جلد ہی وزیراعلیٰ کے امیدواروں کے دو نام پیش کرے گی،تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں نگراں وزیراعلیٰ کے انتخاب کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں
جانے کے بعد اپوزیشن نے سابق اپوزیشن لیڈر عبدالرحیم زیارتوال ، سابق وزراء اعلیٰ نواب ثنا ء اللہ زہری اور ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے نا م اسپیکر بلوچستان اسمبلی کو بھجوائے تھے جن میں سابق اپوزیشن لیڈر کا نام قوائد کی وجہ سے کمیٹی سے نکال دیا گیا جبکہ انکی جگہ سید لیاقت آغا کا نام کمیٹی میں شامل کردیا گیا ، جبکہ حکومت نے بھی کمیٹی ممبران کے لئے سردار سرفراز ڈومکی،طاہر محمود خان اور امان اللہ نوتیزئی کے نام اسپیکر بلوچستا ن اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی کو بھجوا دئیے ،اسپیکر نے حکومت اور اپوزیشن کے نام ملنے کی تصدیق کر تے ہوئے بتایا کہ نگران وزیر اعلی کے انتخاب کے لئے پارلیمانی کمیٹی کے لئے 6نام موصول ہو گئے, دوسری جانب بلوچستان اسمبلی میں سابق اپوزیشن لیڈر عبدالرحیم زیاتوال کا کہنا ہے کہ نگراں وزیراعلیٰ کے لئے اسلم بھوتانی ،قاضی اشرف ،علی احمد کر د سمیت دیگر ناموں پر غور جاری ہے مشاورت کے بعد اپوزیشن کی جانب سے پارلیمانی کمیٹی کو دو نام دئیے جائیں گے واضع رہے حکومت کی جانب سے علاؤالدین مری ، پرنس احمد علی ،کامران مرتضیٰ ایڈوکیٹ سمیت دیگر نام پیش کئے گئے تھے ۔