پشاور(این این آئی)خیبرپختونخوا میں نگران وزیراعلی کیلئے قائم کمیٹی کو اپوزیشن کی جماعتوں نے مسترد کر دیا۔وزیراعلی اور سابق اپوزیشن لیڈر کی جانب سے قائم کمیٹی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما سردار حسین بابک کا کہنا تھا کہ پارلیمانی کمیٹی میں ایوان میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کو نمائندگی دی جاتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی پرویز خٹک اور مولانا لطف الرحمان عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں اور اپنی مرضی کا نگران وزیراعلی لانا چاہتے ہیں۔ سکندر شیرپاؤ نے
بھی پارلیمانی کمیٹی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی میں صرف دو جماعتوں کی نمائندگی بھلا کہاں کا انصاف ہے۔دوسری جانب ن لیگ کے سابق پارلیمانی لیڈر اورنگزیب نلوٹھا نے بھی پارلیمانی کمیٹی کو مسترد کر دیا ہے۔واضح رہے کہ وزیراعلی اور سابق اپوزیشن لیڈر کی جانب سے نگران وزیراعلی کی نامزدگی کیلئے تشکیل دی گئی کمیٹی میں پی ٹی آئی کے شہرام خان ترکئی، محمد عاطف خان اور محمد خان جبکہ جے یو آئی ف کے مفتی فضل غفور، ملک نور سلیم مروت اور محمود بیٹنی شامل ہیں۔