اسلام آباد،پشاور،بنوں، لاہور(سی پی پی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ، خیبر پختونخوااورپنجاب کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ، شدت ریکٹر اسکیل پر 5 اعشاریہ 6 ریکارڈ کی گئی،لوگوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے،بنوں میں زلزلے کے دوران بھگڈر مچنے سے15طلبہ زخمی ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ، خیبرپختونخواہ
اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5 اعشاریہ 6 ریکارڈ کی گئی ہے،زلزلے کا مرکز بنوں سے 30 کلومیٹرشمال تھا،جبکہ زلزلے کی زیر زمین گہرائی 12 کلومیٹر تھی۔۔ اطلاعات کے مطابق خیبرپختونخوا کے شہروں صوابی، پاراچنار، سوات، ایبٹ آباد، مردان، مانسہرہ، ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے،اسی دوران بنوں میں سکول میں پڑھائی میں مصروف بچوں میں بھی خوف و ہراس پھیل گیا اور بھگڈر مچ گئی جس سے15بچے معمولی زخمی ہو گئے،جن کوہسپتال منتقل کر دیا گیا،جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے۔پنجاب کے شہروں میانوالی، سرگودھا اور بھکر میں بھی زلزلے کے جھٹکوں کی رپورٹس سامنے آئیں۔ قبائلی علاقہ جات ملاکنڈ، خیبرایجنسی، اورکزئی، کرم ایجنسی میں بھی زلزلہ محسوس کیا گیا۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.5 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز بنوں سے 20 کلومیٹر شمال مغرب میں تھا جبکہ زلزلے کی گہرائی 12 کلومیٹر تھی۔