اسلام آباد (آئی این پی) سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کو شیر دل افراد نے بنایا،جسٹس اعجاز افضل بھی انہی شیردل افراد میں شامل ہیں، بہادر افراد ہی پاکستان کو نئے افق تک لے کر جائیں گے۔ پیر کو چیف جسٹس ثاقب نثار نے جسٹس اعجاز افضل خان کے اعزاز میں فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس اعجاز افضل خان کی دانش اور فراست ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، اسلامی
جمہوریہ پاکستان کو شیردل افراد نے بنایا، بہادر افراد ہی پاکستان کو نئے افق تک لے کر جائیں گے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ جسٹس اعجاز افضل بھی انہی شیر دل افراد میں شامل ہیں، ریٹائرمنٹ ایک باب کا اختتام اور دوسرے کا آغاز ہے، جسٹس اعجاز افضل کی کمی محسوس کریں گے، جسٹس اعجاز افضل ان چند لوگوں میں س ایک ہیں جو حق پر ڈٹ جاتے ہیں، جسٹس اعجاز افضل کے فیصلے قانون میں سنگ میل کے طور پر جانے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس اعجاز افضل نے مشکل ترین حالات میں بھی انصاف کیا۔