اسلام آباد(آئی این پی ) سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کے لیے خصوصی عدالت کی تشکیل مکمل ہوگئی،چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے خصوصی عدالت سربراہ اور رکن کیلئے وزارت قانون کے خط پر نامزدگیوں کی منظوری دے دی ۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان کو خصوصی عدالت کی دوبارہ تشکیل کے معاملے پر وزارت قانون نے خط بھجوایا ۔
جس میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ یاور علی کو خصوصی عدالت کا سربراہ جبکہ سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس نذر اکبر کو رکن نامزد کرنے کی سفارش کی گئی۔چیف جسٹس ثاقب نثار نے دونوں ناموں کی منظوری دی ہے، جس کے بعد وزارت قانون کی جانب سے جلد باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیے جانے کا امکان ہے۔اس سے قبل سترہ مارچ کو خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کے خلاف کیس کا تحریری حکم جاری کیا تھا، حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ وفاقی حکومت پرویزمشرف کی جائیداد کی ضبطی کے اقدامات کرے۔خصوصی عدالت نے کہا ہے کہ وزارت داخلہ پرویزمشرف کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ معطل کرنے کے اقدامات کرے اور وزارت داخلہ پرویز مشرف کی گرفتاری کیلئے انٹرپول کے زریعے کارروائی کرے۔