اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی ملاقات کس کی درخواست پر ہوئی، سپریم کورٹ کا اعلامیہ جاری، تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور چیف جسٹس آف پاکستان کے مابین ہونے والی ملاقات کا سپریم کورٹ کی جانب سے اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثارکی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی درخواست پر ہوئی ،
وزیراعظم نے ملاقات کی یہ درخواست اٹارنی جنرل کے ذریعے بھجوائی. دریں اثناء خبر رساں ادارے آن لائن کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سپریم کورٹ میں ملاقات ہوئی جس میں اہم ملکی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی خواہش پریہ ملاقات ہوئی، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سات بجے سپریم کورٹ پہنچے اور ایک گھنٹے پچاس منٹ تک چیف جسٹس کے چیمبر میں رہے جہاں چیف جسٹس اور وزیر اعظم کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات چیف جسٹس اور وزیر اعظم کے درمیان ملاقات خوش گوار ماحول میں ہوئی جس میں عدالتی اصلاحات، آئینی اداروں کے درمیان بہتر رابطوں کے فروغ سمیت دیگر اہم ملکی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ذرائع کے مطابق چیف جسٹس نے وزیراعظم کا ججز گیٹ پر استقبال کیا جہاں چیف جسٹس کے ہمراہ رجسٹرار سپریم کورٹ ارباب عارف رحیم اور ایڈیشنل رجسٹرار سمیت دیگر سٹاف بھی موجود تھا، ملاقات کے دوران وزیراعظم کی چائے اور بسکٹ سے تواضع کی گئی اور واپسی پر چیف جسٹس وزیراعظم کو ججز گیٹ تک خود چھوڑنے بھی آئے چیف جسٹس نے وزیر اعظم سے الوداعی مصافحہ کیا اور تصویر بھی بنائی اور رخصت کیا ۔