راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) یوم پاکستان کے موقع پر تقریب میں شرکت کے لیے اداکارہ لنڈسے لوہن، فٹ بالر میراڈونا اور ٹینس سٹار مارٹینا ہنگس پاکستان آ رہے ہیں، واضح رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ قوم 78واں یوم پاکستان منانے کی تیاریاں کر رہی ہے جو قرارداد لاہور کی یاد تازہ کرتی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج یوم پاکستان کے حوالے سے ہر سال پریڈ کا انعقاد بھی کرتی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ
اس سال 23 مارچ کو مقامی فائیو سٹار ہوٹل میں عشائیہ دیں گے اور اس میں عالمی شخصیات بھی شریک ہوں گی، ذرائع کے مطابق آنے والے مہمانوں میں ارجنٹائن کے فٹ بالر میرا ڈونا، جرمن فٹ بالر لوتھر روزنہ، سابق جرمن ٹینس سٹار بورس بیکر، ندابہ مینڈیلا، اداکارہ سیئن سٹون، ہالی ووڈ ڈائریکٹر اولور سٹون اور سابق سوئس ٹینس سٹار مارٹینا ہنگس بھی شامل ہیں۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ گلوکارہ شکیرا اس وقت علیل ہیں اگر وہ صحت یاب ہو گئیں تو وہ بھی اس تقریب میں شرکت کریں گی۔