لندن(نیوزڈیسک )برطانیہ میں گھر بیٹھے ایچ آئی وی کا ٹیسٹ کرنے والی قانونی طور پر منظور شدہ کِٹ کی فروخت شروع ہو گئی ہے اس کٹ سے جو اب خریدنے کےلئے انگلینڈ، سکاٹ لینڈ اور ویلز میں دستیاب ہے پندرہ منٹ کے اندر پتہ چل سکتا ہے کہ ٹیسٹ کرنے والے کو انفیکشن ہے یا نہیں۔دوسری کِٹس کے برعکس، حتمی نتیجہ جاننے کےلئے قانونی طور پر منظور شدہ نئے آلات سے کیے گئے ٹیسٹوں کو لیبارٹری بھیجنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔یہ کِٹ خون کے چھوٹے سے قطرے پر موجود ان مادوں کو بھانپ لیتی ہے جو بدن میں زہریلے جراثیم کا توڑ کرنے کےلئے پیدا ہوتے ہیں۔ ان مادوں کا عموماً انفیکشن پکڑے جانے کے تین ماہ بعد پتہ چلتا ہے۔تاہم ماہرین نے خبردار کیا کہ اگر اس کٹ سے کیا گیا ٹیسٹ مثبت آئے تو مکمل تصدیق کےلئے اسے ہر صورت میں کلنک اور لیبارٹری سے بھی ٹیسٹ کرایا جائے۔مختلف خیراتی اداروں نے امید ظاہر کی کہ اس کِٹ کی وجہ سے لگ بھگ 26 ہزار کے قریب ایسے افراد کی تعداد میں کمی آئے گی جو ایک اندازے کے مطابق ایچ آئی وی سے متاثر ہیں لیکن انھیں اس کا پتہ ہی نہیں۔اگر ایچ آئی وی کا ٹیسٹ شروع میں ہی ہو جائے تو علاج بھی جلد شروع ہو سکتا ہے جس سے سنگین پیچیدگیوں سے بچا جا سکتا ہے