لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی جریدے انڈیپینڈنٹ کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ آئندہ تیرہ سالوں میں پاکستان کا شمار دنیا کی اکیس اہم معیشتوں میں ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق جریدے کا کہنا ہے کہ 2030ء تک دنیا کی ان اکیس معیشتوں میں پاکستان کا نمبر بیسواں ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستانی معیشت کا حجم ایک اعشاریہ آٹھ ٹریلین ڈالر ہوجائے گا، یہ فہرست ان ممالک میں صارفین کی قوت خرید کو مد نظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہے، مزید بتایا گیا کہ آنے والے تیرہ سالوں میں دنیا کی 21 بڑی معیشتوں میں سعودی عرب،
ایران، مصر ، نائیجریا اور انڈونیشیا جیسی بڑی منڈیاں شامل ہوں گی۔ اس فہرست کے مطابق پاکستانی معیشت 2030ء تک 20 نمبر پر اور 2050ء تک سولہویں نمبر پر ہو جائے گی اس رپورٹ کے مطابق پاکستان 2050ء میں اٹلی، تھائی لینڈ، سپین اور آسٹریلیا جیسے ممالک کو پیچھے چھوڑ دے گا۔ برطانوی جریدے کے مطابق 2030ء میں چین معاشی طور پر پہلے نمبر ہو گا اور امریکہ اس وقت دوسرے نمبر پر ہو گا، اس کے علاوہ بھارت، برازیل اور ترکی میں بھی ترقی کا امکان ہے۔