کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالرکی قدر میں استحکام جبکہ انٹربینک مارکیٹ میں قیمت خرید میں اضافہ اور فروخت میں کمی کا رجحان رہا۔سعودی ریال کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی طرف سے جاری کیے گئے
اعداد و شمار کے مطابق روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت خرید میں ایک پیسے کا اضافہ جب کہ قیمت فروخت میں ایک پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں ڈالر کی قیمت خرید110.57روپے سے بڑھ کر110.58روپے اور قیمت فروخت110.69روپے سے گھٹ کر110.68روپے ہوگئی ہے، امریکی ڈالر کی قدر میں اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں استحکام رہا، مارکیٹ میں سعودی ریال کی قیمت میں 10پیسے کا اضافہ ہوا اور یو اے ای درہم کی قیمت میں استحکام دیکھنے میں آیا، سعودی ریال کی قیمت خرید 29.60 روپے سے بڑھ کر29.70 روپے اور قیمت فروخت 29.85 روپے سے بڑھ کر 29.95 روپے ہو گئی جبکہ یو اے ای درہم کی قیمت خرید 30.35 روپے اور قیمت فروخت30.60 روپے میں استحکام رہا۔ دوسری طرف چینی کرنسی رین من بی( آر ایم بی)یا یوآن کی مرکزی شرح تبادلہ جمعرات کو امریکی کرنسی ڈالر کے مقابلے میں مزید کم ہوگئی۔چین کے غیر ملکی زرمبادلہ کے تجارتی نظام (سی ایف ای ٹی ایس ) کے مطابق چینی کرنسی کی مرکزی شرح تبادلہ ڈالر کے مقابلے میں58بنیادی پوائنٹس کمی سے6.3352ہوگئی۔امریکی مرکزی بنک فیڈرل ریزرو کے چیئرمین جیرومی پاول کے بیان کے امریکی ڈالر کی شرح تبادلہ میں اضافہ کرنے کے بعد بدھ کو چینی کرنسی کی شرح قدر 148بنیادی پوائنٹس گر گئی۔