اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے نادرا اور پاسپورٹ کے محکمات کو بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل فوری حل کرنے کے احکامات کرتے ہوئے کہا ہے کہ شناختی کارڈ برائے بیرون ملک( نائیکوپ) کے حوالے سے پاکستانیوں کو سہولتوں سے منسلک کرنے کے لیے اقدامات کئے جائیں ٗ ہمیں بیرون ملک سے پاکستان آنے والوں کیلئے سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے ٗ
پاکستان آنے والوں کیلئے ویزا فیس معقول بنائی جائے ۔وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت ویزا اور پاسپورٹ کے متعلق امور پر 6 پاکستانی سفارتخانوں سے وزارت داخلہ میں ویڈیو کانفرنس ہوئی جس میں برطانیہ، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین ، عمان، اور کویت میں موجود پاکستانی سفراء نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شرکت کی اس موقع پر ڈی جی پاسپورٹ ، چیئرمین نادرا اور وزارت داخلہ کے حکام بھی موجود تھے ۔سفراء نے وزیرداخلہ سے پاکستانی نڑاد شہریوں کے ویزا ، پاسپورٹ اور نادرا سے متعلق امور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی پاکستان کا قیمتی اثاثہ اور سرمایہ ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان بھیجی جانے والے ترسیل رقوم کا ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ہے ۔ احسن اقبال نے نادرا اور پاسپورٹ کے محکمات کو بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل فوری حل کرنے کے احکامات کرتے ہوئے کہا کہ شناختی کارڈ برائے بیرون ملک( نائیکوپ) کے حوالے سے پاکستانیوں کو سہولتوں سے منسلک کرنے کے لیے اقدامات کئے جائیں ۔وزیر داخلہ نے مدینہ منورہ میں پاسپورٹ آفس قائم کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بیرون ملک سے پاکستان آنے والوں کیلئے سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیر داخلہ نے بیرون ملک سے پاکستان آنے والوں کیلئے ویزا فیس معقول بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ اس ضمن میں وزارت خارجہ اور داخلہ کو ملکر کام کریں ۔ اس وقع پر وزیرداخلہ نے برطانیہ اور خلیجی ممالک میں پاکستان کے سفراء کو ہدایت کی کہ وہ برطانیہ اور خلیجی ممالک کے ساتھ ویزا ایبولیشن ایگرمینٹ کا دائرہ کار پھیلانے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ آفیشل اور ڈپلومیٹک پاسپورٹ پر سفر کرنے والے پاکستانیوں کو ان ممالک میں ویزا حاصل کرنے اور سفر کرنے میں کوئی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔