اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ٗسینیٹ میں اپوزیشن لیڈر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ شہباز شریف (ن )لیگ کو سٹیبلشمنٹ کے قدموں میں بٹھانا چاہتے ہیں ٗپارٹی صدارت کی منتقلی کے وقت نواز شریف کے چہرے پر کرب تھا ٗ
فیصلوں کا اختیار نواز شریف اور مریم کے پاس ہی رہے گا ٗججز کوگفتگو ذرا کم کرنی چاہیے تاکہ قسموں کی نوبت نہ آئے ۔ بدھ کو پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر اعتزاز احسن کا شہباز شریف کے صدر ن لیگ بننے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکمران جماعت کی صدارت اوپر اوپر سے طے ہوئی ٗدلوں کا ملاپ نہیں ہوا، اپنا موقف ثابت کرنے کیلئے تصاویر کا سہارا لیا گیا جس نے دونوں بھائیوں کی پالیسیوں میں فرق بھی آشکار کر دیا۔پیپلز پارٹی کے رہنما نے مسلم لیگ (ن )کا ووٹ بینک مضبوط ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ فیصلوں کا اختیار نواز شریف اور مریم کے پاس ہی رہے گا۔اعتزاز احسن نے کہا کہ شہباز شریف نے بڑے بھائی کے حق میں ایک بیان تک نہیں دیاکہ وہ بے گناہ ہیں۔سینیٹ میں قائدِ حزب اختلاف نے کہا کہ شہباز شریف کے رازوں والی تجوری کی چابیاں احد چیمہ کے پاس ہیں ٗاسے پنجاب پولیس کے ذریعے نیب کے شکنجے سے نکالنے کا منصوبہ بنا مگر مخبری ہو گئی اور چیئرمین نیب نے رینجرز کو بلا لیا۔ایک سوال پر اعتزاز احسن نے کہا کہ ججز کوگفتگو ذرا کم کرنی چاہیے تاکہ قسموں کی نوبت نہ آئے۔ انہوں نے کہاکہ اورنج،ملتان،پنڈی میٹرومنصوبوں میں چین نے کمیشن کا شک ظاہرکیا۔