لاہور ( این این آئی) محکمہ ایکسائز نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر گاڑی استعمال کنندہ کے نام پر ہی کرانے کے لیے نئی پالیسی واضح کر دی ،یکم مئی کے بعد گاڑی ٹرانسفر کرانے کے لیے مالک اور خریدار کو خود ایکسائز دفتر جانا پڑے گا،بائیو میٹرک تصدیق اور تصاویر بھی لی جائیں گی، ٹرانسفر ڈیڈ اب ایکسائز نام اور ایڈریس پرنٹ کر کے جاری کرے گا۔اس حوالے سے ڈائریکٹر ریجن سی رانا قمر الحسن نے کہا کہ ٹرانسفر ڈیڈ ایکسائز کی جانب سے فروخت کرنے والے اور خریدنے والے کے نام پر جاری ہوگی،
ٹرانسفر ڈیڈ پرنٹ کر کے جاری کرنے سے غلط استعمال کو روکا جاسکے گا۔ یکم مئی کے بعد فروخت کنندہ اور خریدار کے بغیر ٹرانسفر نہیں ہوسکے گی۔ اس سے قبل شہری ٹرانسفر ڈیڈ لے لیتے ہیں لیکن گاڑی پرانے مالک کے نام ہی رہتی ہے، جس سے محکمہ ایکسائز کو ٹرانسفر فیس نہ ملنے کی مد میں کروڑوں روپے کا نقصان ہوتا ہے۔رانا قمرالحسن کا کہنا ہے کہ ای چالاننگ کے لیے بھی گاڑی کا اصل مالک کے نام پر ہونا ضروری ہے۔ شہری یکم مئی سے پہلے اوپن لیٹر والی گاڑیاں اپنے نام کرالیں، بصورت دیگر پرانے مالک کو ساتھ لائے بغیرگاڑی ٹرانسفر نہیں ہوسکے گی۔