لاہور ( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ عوام کو لوٹنے والے کسی معافی یا این آر او کے مستحق نہیں ،احتساب بلا تفریق ہونا چاہیے۔ اپنے جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نام نہاد منصوبوں کی آڑ میں اربوں روپے ٹی وی اشتہاروں پر لگائے جا رہے ہیں ، حکمران عوام کے ٹیکسوں کے پیسہ اپنے باپ دادا کا پیسہ سمجھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ قوم بھوکی مر رہی ہے ۔
پینے کا صاف پانی میسر نہیں ،علاج کی سہولت دستیاب نہیں ، ان حکمرانوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے اور قوم کی لوٹی ہوئی دولت کی پائی پائی ان سے وصول کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے صرف اپنی تجوریاں بھری جا رہی ہیں ، غریب عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ، ، احد چیمہ کی گرفتاری نے شہباز شریف کو پریشان کر رکھا ہے لیکن احتساب بلا تفریق ہونا چاہیے اور عوام کو لوٹنے والے کسی معافی یا این آر او کے مستحق نہیں ۔