کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) معروف معاشی ویب سائٹ بلوم برگ نے کہا ہے کہ پاکستان میں عام انتخابات میں صرف 5ماہ رہ گئے ہیں اور پاکستان کی معاشی حالت خراب سے خراب تر ہوتی جا رہی ہے۔ویب سائٹ پر مزید کہا گیا ہے کہ تجارتی خسارہ اور جاری حسابات کا خسارہ بڑھتا جا رہا ہے، ڈالر کی قیمت بڑھ رہی ہے اور درآمدات کا بل بڑھتا ہوا جنوری میں ریکارڈ حد کو عبور کر گیا ہے۔ویب سائٹ کے مطابق پاکستان نے دسمبر میں ملکی کرنسی کی قدر میں کمی کی، اکتوبر میں700 سے زائد
درآمدی اشیا پر ٹیکسوں میں اضافہ کیا تاہم ان میں سے نصف پر ٹیکس اس ماہ ہٹا لیا گیا۔پاکستانی معیشت میں ترقی کی شرح 5اعشاریہ 3فی صد ہے جو پچھلی ایک دہائی میں سب سے زیادہ ہے، درآمدات میں بڑے پیمانے پر اضافے کی ایک وجہ چین سے سی پیک معاہدہ بھی ہے۔پاکستان کے جاری حسابات کا خسارہ مجموعی قومی پیداوار کے چار اعشاریہ سات فی صد تک جا پہنچا ہے، آئی ایم ایف پروگرام ختم ہونے کے بعد سے پاکستان کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی کمی آ رہی ہے ۔