اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما ٗسابق وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ سیاستدانوں کے مقدر کا فیصلہ عوام اپنی پرچی سے کرتے ہیں ٗ جن سیاستدانوں کے سروں پر تلواریں لٹکائی جاتی ہے تاریخ گواہ ہے کہ عوام ان سے زیادہ محبت کرتے ہیں ٗ میرے دل میں سرکار کے کسی بھی عہدے کو لینے کی خواہش نہ پہلے تھی نہ اب ہے ٗمسلم لیگ (ن) نے اپنی قیادت کے بغیر 2008 کے الیکشن میں حصہ لیا تھا ٗ لیڈروں کی نااہلی کے باوجود عوام سے اعتماد کا ووٹ حاصل کیا
ٗلیگ (ن) حالات و واقعات کی سنگینی سے پہلے بھی گزرتی رہی ہے ٗمریم نواز نے عوام میں بڑی مقبولیت حاصل کی اور بڑے بڑے اجتماعات ان کی اعزاز میں منعقد کئے جاتے ہیں، وقت آنے پر مریم نواز کے عہدے کا بھی فیصلہ ہو جائے گا۔ پیر کو سابق وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ تاریخی فیصلے وہی ہوتے ہیں جو عوام کرتے ہیں اور وہی پائیدار ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فیصلے عوام اپنے ووٹ کے ذریعے کرتے ہیں ٗ سیاستدانوں کے مقدر کا فیصلہ عوام اپنی پرچی سے کرتے ہیں۔پرویز رشید نے کہا کہ جن سیاستدانوں کے سروں پر تلواریں لٹکائی جاتی ہے تاریخ گواہ ہے کہ عوام ان سے زیادہ محبت کرتے ہیں انہوں نے کہاکہ سیاست اور سیاستدانوں کے فیصلے عوام اپنی خود ارادی سے کرتے ہیں اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ احد چیمہ پر 14 ارب روپے کرپشن کا الزام ہے جس پر پرویز رشید نے کہا کہ جس منصوبے پر ایک روپیہ خرچ نہیں ہوا اس میں سے 14 ارب کون اور کیسے کھا گیا ٗ اس طرح کا حساب میرے سمجھ میں نہیں آتا۔صحافی نے ایک اور سوال کیا کہ مریم نواز مسلم لیگ کی صدر بنی تو چوہدری نثار کا کیا ہوگا؟ جس پر پرویز رشید نے کہا کہ اس بارے میں چوہدری نثار خود بتائیں گے۔پرویز رشید سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ چیئرمین سینٹ کے امیدوار ہیں؟ جس پر انہوں نے کہا کہ میں کسی بھی
سرکاری عہدے کا امیدوار نہیں ہوں۔انہوں نے کہاکہ میرے دل میں سرکار کے کسی بھی عہدے کو لینے کی خواہش نہ پہلے تھی نہ اب ہے۔حکمران جماعت کو درپیش چیلنجز پر بات چیت کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) حالات کا مقابلہ بہادری سے کر رہی ہے ٗانہوں نے واضح کیا کہ 2008 کے الیکشن میں تو دونوں شریف برادران نااہل قرار دیئے جا چکے تھے۔انہوں نے بتایا
کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنی قیادت کے بغیر 2008 کے الیکشن میں حصہ لیا تھا اور لیڈروں کی نااہلی کے باوجود عوام سے اعتماد کا ووٹ حاصل کیا۔ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) حالات و واقعات کی سنگینی سے پہلے بھی گزرتی رہی ہے۔پرویز رشید نے کہا کہ مریم نواز نے عوام میں بڑی مقبولیت حاصل کی اور بڑے بڑے اجتماعات ان کی اعزاز میں منعقد کئے جاتے ہیں، وقت آنے پر مریم نواز کے عہدے کا بھی فیصلہ ہو جائے گا۔