لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف نے احد خان چیمہ کی گرفتاری سے سامنے آنے والی صورتحال کے بعد عام انتخابات میں انتظامی عہدوں پر تعینات افسران کی تبدیلی کیلئے بھرپور دباؤ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے،حکمرانوں سے وابستگی رکھنے والے افسران کوکیٹگریز میں تقسیم کر کے باقاعدہ فہرستیں بھی مرتب کی جائیں گی۔ذرائع کے مطابق احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد اعلیٰ انتظامی افسران کے احتجاج اور خصوصاً پنجاب حکومت کی جانب سے اظہار یکجہتی کو تحریک انصاف نے انتہائی سنجیدگی سے لیا ہے ۔ اس حوالے سے پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت نے
فیصلہ کیا ہے کہ عام انتخابات سے قبل پنجاب کی تمام بیورو کریسی کو تبدیل کرانے کیلئے حکمت عملی مرتب کی جائے گی جس کیلئے دباؤ بڑھانے کی پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے حکمرانوں سے وابستگی رکھنے والے تمام افسران کوکیٹگریز میں تقسیم کر کے ان کی فہرستیں مرتب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جنہیں ضرورت پڑنے پر نگران حکومت کو بھی فراہم کیا جائے گا ۔ پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد پنجاب کی موجودہ بیورو کریسی سے کسی طرح کی شفافیت اور غیر جانبداری کی توقع رکھنا حمایت ہوگی ۔