لاہور(سی پی پی) لاہور کے علاقے گلشن راوی میں کمسن گھریلو ملازمہ پر تشدد کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے۔ بچی کا الزام ہے کہ اسے مالکان کے بچوں کی چاکلیٹ کھانے پر استری سے جلایا گیا،متاثرہ بچی کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے تحویل میں لے لیا۔لاہور کے علاقے گلشن راوی میں بلال نامی شخص کے گھر ننکانہ کی رہائشی 9 سالہ شکیلہ ملازم تھی ،بچی کا الزام کہ بلال اور اس کی اہلیہ نے ان کے بچوں کی چاکلیٹ کھانے پراسے
تشدد کا نشانہ بنایا،استری سے ہاتھ جلائے ،بال نوچے اور گھر سے نکال دیا۔شہری کیمطابق شکیلہ گلی میں بیٹھی رو رہی تھی،وہ اسے تھانے لے آیا،پولیس نے مالک بلال کو بلایا تو ضرور مگر کوئی ایکشن نہ لیا، شکیلہ کو تھانے لانے والے شہری نے احتجاج کیا تو اسے تھانے سے نکال دیا، معاملہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے پاس چلا گیا۔چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو صبا صادق نے مقدمہ درج کرادیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچی کو مکمل طبی اور قانونی معاونت فراہم کی جائے گی۔